نئی دہلی، 6 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )آپ لیڈر کمار وشواس کے مطابق مرکزی حکومتوں نے انہیں مناسب عزت نہیں دی اور سیاسی خیالات نہیں ملنے کی وجہ سے انہیں سرکاری پروگراموں تک میں مدعو نہیں کیا جاتا۔وشواس نے دعوی کیا کہ وہ فیس بک اور ٹوئٹر سمیت سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالو کئے جانے والے ہندی کے شاعر ہیں اور کروڑوں لوگوں کے درمیان انہوں نے ہندی کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن انہیں مرکزی حکومت کے پروگراموں میں نہیں بلایا جاتا اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے کی طرف سے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔بدعنوانی کے خلاف انا ہزارے کی تحریک میں سرگرم رہے وشواس نے کہاکہ پہلی ترجیح ہمیشہ شاعری رہی لیکن جب کانگریس حکومت کے دور میں ضرورت پڑی تو تحریک بھی چھیڑی ۔دہلی میں حکمران عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے موجودہ این ڈی اے حکومت پر بھی بالواسطہ طورپر حملہ بولتے ہوئے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ میں ملک اور دنیا میں سبھی پروگراموں میں جاتا ہوں۔کئی منتظم ایسے بھی ہیں جو میرا پروگرام کرانا چاہتے ہیں لیکن سرکاری رکاوٹوں کی وجہ مجھے بلانے سے بچتے ہیں۔وشواس نے کہاکہ سارے نجی چینلوں پر مجھے مدعوکیا جاتا ہے اور میرے پروگرام ہوتے ہیں لیکن دوردرشن پر نہیں بلایا جاتاہے ۔اپنے موجودہ منصوبے سے جڑے سوال پر انہوں نے بتایا کہ وہ چھوٹے پردے پر’ مہاکوی ‘کے نام سے ایک شو لے کر آئے ہیں جوکل ہفتے کے روز سے نشرہونا شروع ہو چکا ہے۔